
وزیر اعظم مودی 15 اگست کو پٹنہ میٹرو سروس کا کریں گےافتتاح
پٹنہ، 30 جولائی (وقت نیوز سروس)۔راجدھانی پٹنہ کے باشندوں کے برسوں کے انتظار کے بعدوزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو پٹنہ میٹرو سروس کا افتتاح کریں گے۔ اس سے نہ صرف پٹنہ کے باشندوں کے سفر میں سہولت ملے گی بلکہ اس سے شہر کی رفتار کو بھی نئی تحریک ملے گی۔ پٹنہ میٹرو سروس کا پہلا روٹ ملاہی پکڑی سے پاٹلی پترا بس ٹرمینل تک ہوگا، جو تین کلومیٹر سے زیادہ لمبا ہے۔ تین بوگیوں والی اس جدید میٹرو میں ایک وقت میں تقریباً 150 مسافر سفر کر سکیں گے۔ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مستقبل میں کوچ کی تعداد آٹھ کر دی جائے گی۔ ریاستی حکومت کرایہ طے کرنے والی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حتمی کرایہ طے کرے گی۔ ایک اندازے کے مطابق کم از کم کرایہ 15 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپے ہو گا۔ 3-6 کلومیٹر کا کرایہ 30 روپے کے لگ بھگ ہو سکتا ہے، 6-8 کلومیٹر کے لیے یہ 45 روپے تک ہو سکتا ہے۔ دہلی اور پونے میٹرو کے مقابلے اسے طویل فاصلے کے لحاظ سے اقتصادی سمجھا جا سکتا ہے۔حالانکہ15 روپے کا ابتدائی کم از کم کرایہ دہلی اور پونے (10 روپے) کے مقابلے تھوڑا مہنگا ہے۔ میٹرو سروس دہلی میٹرو کے شیڈول کی طرح صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک چلے گی۔ اس سے مسافروں کو دن بھر سفر کرنے کی سہولت ملے گی۔ میٹرو کا ٹرائل رن مکمل ہو چکا ہے۔ افتتاح سے قبل حفاظتی اور تکنیکی معیارات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ غور طلب ہے کہ پٹنہ میٹرو کا تعمیراتی کام پانچ مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا اور یہ ٹرانسپورٹ سسٹم ریاست کے زیر انتظام پٹنہ میٹرو ریل کارپوریشن کی ملکیت میں چلے گا۔ پہلے مرحلے میں پٹنہ میٹرو کے پانچ اسٹیشن اگست 2025 تک کام کریں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت بنائے گئے پٹنہ ایم آر ٹی ایس کی تخمینہ لاگت 13,365.77 کروڑ روپے (1.6 بلین امریکی ڈالر) ہے۔ اس لاگت میں زمین کے حصول کی لاگت شامل نہیں ہے، جسے بہار حکومت ادا کرے گی۔ پہلے مرحلے میں (جس میں مشرق-مغرب اور شمال-جنوب کوریڈور شامل ہیں) میں 15.36 کلومیٹر (9.54 میل) ایلیویٹڈ ٹریک اور 16.30 کلومیٹر (10.13 میل) زیر زمین ٹریک شامل ہوگا۔ جنوری 2022 میں لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) نے میٹرو آپریٹر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈیم ایم آرسی) سے پٹنہ میٹرو کے فیز-1 کے کوریڈور-2 کو ڈیزائن اور تعمیر کرنے کا آرڈر حاصل کیا۔ایل اینڈ ٹی نے ₹1,989 کروڑ (240ملین امریکی ڈالر) کے اس معاہدے کو کلیدی آرڈر کے طور پر درجہ بندی کیا ہے۔ پروجیکٹ کے دائرہ کار میں راجندر نگر، معین الحق اسٹیڈیم، پٹنہ سائنس کالج، پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال، گاندھی میدان اور کوریڈور-2 کے آکاشوانی میں چھ زیر زمین میٹرو اسٹیشن شامل ہیں۔