
رشبھ پنت کی درد برداشت کرنے کی صلاحیت زبردست، ان کا جذبہ بے مثال ہے: شاردول ٹھاکر
مانچسٹر، 25 جولائی۔ ہندوستانی آل راونڈر شاردول ٹھاکر نے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی درد کو برداشت کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت اور بے مثال جذبے کی تعریف کی۔ پنت نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے دن چوٹ کے باوجود بلے بازی کر کے سب کا دل جیت لیا۔ دراصل میچ کے پہلے دن پنت کو کرس ووکس کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے پیر میں فریکچر ہوگیا تھا جس کے بعد انہیں فوری طور پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور اسکین کے لیے اسپتال بھیجا گیا لیکن دوسرے دن جب پہلے سیشن میں شاردول ٹھاکر کی وکٹ گر گئی تو رشبھ پنت نے تمام درد کو نظر انداز کرتے ہوئے بلے بازی کے لیے میدان میں واپس آئے۔ اس وقت ڈریسنگ روم کا ماحول بہت جذباتی تھا۔ دن کے کھیل کے بعد شاردول نے پریس کانفرنس میں پنت کی ہمت اور لڑنے کے جذبے کی تعریف کی اور کہا، ’’ہم سب یہ دیکھنے کے لیے پرجوش تھے کہ وہ اپنی اننگز کو کیسے آگے بڑھائیں گے۔ آج انہوں نے جو جذبہ دکھایا وہ منفرد ہے۔ ہم نے ماضی میں ایسے کئی مواقع دیکھے ہیں جب کھلاڑی زخمی ہونے کے باوجود میدان میں ڈٹے رہے۔ سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کے لمحے کی طرح، جب انہوں نے فریکچر ہاتھ کے ساتھ بلے بازی کی تھی۔ ایسے لمحات میں کھلاڑی کی ہمت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔‘‘ شاردول نے مزید کہا کہ پنت کی مثبتیت اور جذبہ انہیں درد سے دور رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ان کی درد برداشت کی صلاحیت بہت ہی زیادہ ہے۔ اگر وہ واقعی درد محسوس کررہے ہیں تو سمجھ لیں کہ چوٹ سنگین ہے۔ لیکن وہ اپنی کارکردگی پر اثرانداز نہیں ہونے دیتے۔‘‘ پنت جب بلے بازی کے لیے آئے تو وہ 37 رن بنا کر ناٹ آوٹ تھے۔ حاضرین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے مسلسل ان کی ٹانگ کو نشانہ بنایا، لیکن پنت ڈٹے رہے اور شاندار چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بالآخر وہ 54 رن بنا کر جوفرا آرچر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس اننگز کے دوران پنت نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں وریندر سہواگ کی برابری بھی کی۔ دونوں کے نام اب 90-90 چھکے درج ہیں۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 358 رن بنائے جس میں بین اسٹوکس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ نے دن کا کھیل ختم ہونے تک 225/2 اسکور کرلیا ہے اور وہ اب بھی ہندوستان سے 133 رن پیچھے ہے۔ جو روٹ 11* اور اولی پوپ 20* کریز پر موجود ہیں۔