
مغربی بنگال: تین اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 24 گھنٹوں کے دوران 13 افراد ہلاک
کولکاتا، 24 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ مغربی بنگال کے تین اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 13 افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں سب سے زیادہ 7 لوگوں کا تعلق بانکوڑا ضلع سے ہے، جب کہ مشرقی بردھمان سے 5 اور مغربی میدنی پور سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ایک اہلکار نے جمعہ کی صبح بتایا کہ بانکوڑا ضلع کے کھری گاوں (کوتل پور تھانہ علاقہ) میں اپنے کھیت میں کام کر رہے ضیاء الحق مولا پر جمعرات کو اچانک بجلی گر گئی۔ موقع پر موجود لوگوں نے اسے مقامی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اسی ضلع کے پاتراسائر میں ایک نوجوان جیون گھوش آسمانی بجلی کی زد میں آکر سنگین طور سے جھلس گئے۔ اسے پہلے پاتراسائر بلاک پرائمری ہیلتھ سنٹر، پھر وشنو پور سپر اسپیشلٹی اسپتال اور آخر میں بانکوڑا سمیلنی میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اوندا علاقہ میں نارائن ساور نامی شخص کی بھی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہو گئی۔ اندس کے علاقے میں شیخ اسماعیل جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ جے پور کے علاقے میں اتم بھوئنیا کی بھی اسی طرح موت ہوگئی۔ مشرقی بردھمان ضلع کے مدھبدھی علاقے میں 60 سالہ سناتن پاترا کھیت میں کام کر رہے تھے کہ ان پر آسمانی بجلی گر گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اسے عالم پور پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ آوسگرام تھانہ علاقہ کے بھیڑیا گاوں کے رہنے والے 28 سالہ سنجے ہیبرارام کی بھی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہو گئی۔ مغربی میدنی پور کے چندرکونا علاقہ میں بجلی گرنے سے لکشمی کانت پان (42) کی موت ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے جنوبی بنگال کے اضلاع میں 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ریاستی انتظامیہ نے شہریوں سے محتاط رہنے اور خراب موسم کے دوران کھلے میں نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔