
کاونٹی چیمپئن شپ میں ہندوستانیوں کا جلوہ : تلک ورما نے ہیمپشائر کے لیے سنچری بنائی
نئی دہلی، 25 جولائی (ایجنسی)۔ کانٹی چیمپئن شپ ڈویژن ون میں جمعرات کو ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی ملی جلی رہی۔ خاص طور پر تلک ورما نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔ ہندوستانی مڈل آرڈر بلے باز تلک ورما نے ہیمپشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے ناٹنگھم شائر کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز تلک ورما نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 112 رن بنائے۔ ان کی سنچری ہیمپشائر کو ناٹنگھم شائر کی پہلی اننگز کے اسکور 578/8 کی طرف لے جانے میں اہم ثابت ہوئی۔ وہیں بائیں ہاتھ کے اسپنر آر سائی کشور، جو سرے کے لیے کھیل رہے ہیں نے یارکشائر کے خلاف ایک اور وکٹ لے کر اپنی اننگز مکمل کی۔ انہوں نے 119 رنوں کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایسیکس کے لیے کھیل رہے خلیل احمد نے سسیکس کے خلاف وکٹ حاصل کی اور ان کی ٹیم فتح کے قریب ہے۔ اس دوران یوزویندر چہل کا نارتھمپٹن شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے مڈل سیکس کے خلاف بہت خراب میچ رہا۔ چہل پہلی اننگز میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے اور دوسری اننگز میں گولڈن ڈک (پہلی گیند پر آوٹ) ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی ظاہر کرتی ہے کہ وہ انگلینڈ کی کاونٹی کرکٹ میں بھی اپنی شناخت بنا رہے ہیں، حالانکہ یہ کچھ لوگوں کے لیے چیلنجنگ بھی ثابت ہو رہا ہے۔