
مانچسٹر ٹیسٹ: انگلینڈ کا مضبوط آغاز، ہندوستان کی پہلی اننگز 358 رن پر ختم
۔ یشسوی جیسوال اور سائی سدرشن کے بعد رشبھ پنت نے بھی ہاف سنچری اسکور کی، ڈکٹ اور کرولی سنچری سے چوکے مانچسٹر، 25 جولائی (..)۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 225 رن بنا لیے ہیں۔ انگلینڈ پہلی اننگز میں ہندوستان سے اب بھی 133 رن پیچھے ہے۔ اسٹمپ کے وقت جو روٹ 11 اور اولی پوپ 20 رن کے ساتھ ناٹ آوٹ پویلین واپس گئے۔ ہندوستان نے دن کا آغاز 264/4 سے کیا، لیکن جلد ہی رویندر جڈیجا (20) آوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد واشنگٹن سندر اور شاردول ٹھاکر نے 48 رنوں کی اہم شراکت داری کی۔ ٹھاکر نے تیز کھیلا، لیکن باہر جاتے ہوئے بین اسٹوکس کی گیند کو نشانہ بنانے کی کوشش میں 41 رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ سندر نے البتہ تحمل سے بلے بازی کی اور 90 گیندوں میں 27 رن بنائے لیکن وہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکے۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے انشل کمبوج بغیر کھاتا کھولے آوٹ ہوگئے۔ ہندوستان نے آخری چار وکٹیں صرف 21 رن کے اندر گنوائیں اور پہلی اننگز 358 رن پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ جوفرا آرچر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں لیام ڈاسن اور کرس ووکس کو ایک ایک کامیابی ملی۔ جواب میں انگلینڈ نے ’بیج بال‘ انداز میں جواب دیا۔ بین ڈکٹ اور جیک کرولی نے ہندوستانی گیند بازوں کو مشکل میں ڈالا اور پہلی وکٹ کے لیے 166 رن کی شراکت داری کی۔ جہاں ڈکٹ 94 رن بنا کر سنچری بنانے سے چوک گئے، وہیں کرولی نے 84 رن بنائے۔ کرولی کو رویندر جڈیجا نے آوٹ کیا جبکہ ڈکٹ کو انشل کمبوج نے آوٹ کیا۔ یہ کمبوج کی پہلی بین الاقوامی وکٹ تھی۔ رشبھ پنت دوسرے دن بھی سرخیوں میں رہے جنہوں نے انگوٹھے کے فریکچر کے باوجود بلے بازی کی۔ ان کی جارحانہ اننگز نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی اور ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 166 رنوں کی ابتدائی شراکت کے بعد، ہندوستانی گیند بازوں نے واپسی کی اور 31 رن کے اندر دو بڑی وکٹیں حاصل کیں۔ اب لگتا ہے کہ میچ توازن میں ہے۔ تیسرے دن ہندوستان انگلینڈ کو کم سے کم اسکور پر روکنے کی کوشش کرے گا تاکہ وہ دوسری اننگز میں برتری حاصل کر سکے۔