
بہار کے 14 اضلاع میں آج ہوگی موسلا دھار بارش، یلو الرٹ جاری
پٹنہ،25جولائی (وقت نیوز سروس)۔ بہار میں ایک بار پھر مانسون سرگرم ہونے جا رہا ہے۔ موسمیاتی مرکز پٹنہ نے جمعہ کے روز ریاست کے 23 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا ہے، جب کہ 14 اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ جن اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں راجدھانی پٹنہ، مدھوبنی، سمستی پور، لکھی سرائے، شیخ پورہ، مونگیر، بیگوسرائے، کھگڑیا، سہرسہ، مدھے پورہ، نالندہ، کیمور، روہتاس اور دربھنگہ شامل ہیں۔ یہاں دو سے تین گھنٹے میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی شدت کے ساتھ بارش ہوگی۔ اس کے علاوہ 30 سے 40 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ سپول، ارریہ، کشن گنج، نالندہ، نوادہ، شیخ پورہ، لکھی سرائے، جموئی،بانکا، بھاگلپور، مونگیر، بیگوسرائے، پورنیہ، کٹیہار، گوپال گنج، سیوان، کیمور، روہتاس، اورنگ آباد،بھوجپور، روہتاس،اورنگ آباد اور مظفر پور میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان تمام اضلاع میں آج آسمانی بجلی، آندھی، طوفان اور بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی یہاں 30 سے 40 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کسان موسم کے نارمل ہونے کا انتظار کریں۔ تب ہی وہ اپنے کھیتوں میں جائیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو اونچے درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنا چاہیے۔ واضح ہو کہ کیمور ضلع کے بھبھوا بلاک کے پران پور اور برہولی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ صدر اسپتال بھبھوا میں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد دونوں لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔