
مرکزی وزیر چراغ پاسوان کو 20 جولائی تک بم سے اڑا دینے کی دھمکی
پٹنہ، 12 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ مرکزی وزیر اور ایل جے پی (ر) کے قومی صدر چراغ پاسوان کو انسٹاگرام اکاؤنٹ سے 20 جولائی تک بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ جموئی سے رکن پارلیمنٹ اور چراغ پاسوان کے بہنوئی ارون بھارتی نے ایک ایکس پوسٹ میں اس دھمکی کے لئے آر جے ڈی پرالزام لگایا ہے۔ ایل جے پی (آر) کے چیف ترجمان راجیش بھٹ نے پٹنہ کے سائبر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ چراغ کو دھمکی ملنے کے بعد پارٹی میں ہلچل ہے۔ بھٹ نے کہا کہ یوٹیوبر دکشاپریا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے کمنٹس سیکشن میں ٹائیگر معراج نے چراغ پاسوان کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے پولیس سے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جموئی کے ایم پی ارون بھارتی نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ غیر متوقع شکست کے خوف سے ناراض آر جے ڈی بہار میں جنگل راج 2.0 لانا چاہتی ہے۔ اسی لیے آر جے ڈی کے جرائم پیشہ عناصر چراغ پاسوان کو بم سے نشانہ بنانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ایم پی بھارتی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چراغ پاسوان کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے اور انہیں بلٹ پروف کار فراہم کی جائے۔ جموئی کے ایم پی نے کہا ہے کہ چراغ پاسوان شیر کا بیٹا ہے۔ نہ وہ کسی سے ڈرتا ہے اور نہ ڈرے گا۔ وہ بہار کے لیے زندہ رہے گا اوربہار کے لیے ہی مرے گا۔