
کناڈا نے اٹلی کو شکست دے کر پہلی بار ہاپ مین کپ جیتا
پیرس، 21 جولائی (وقت نیوزسروس)۔اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں کناڈانے اٹلی کو شکست دے کر پہلی بار ہاپ مین کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بیانکا اندریسکیو اور فیلکس آگر-الیاسیم کی جوڑی نے لوسیا برونزیٹی اور فلاویو کوبولی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنگلز کا مقابلہ برابر رہنے کے بعد یہ میچ ڈبلز کے مقابلے پر آگیا جہاں کینیڈین جوڑی نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6-3، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔ کناڈا کے لیے بیانکا اینڈریسکو نے خواتین کے پہلے سنگلز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور برانزیٹی کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-3 سے شکست دی۔ اینڈریسکو، جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں 185ویں نمبر پر ہیں، اٹلی کی برونزیٹی (64ویں نمبر) سے کافی نیچے ہیں، لیکن 2019 کی یو ایس اوپن کی فاتح اور سابق عالمی نمبر 4 آندریسکو نے اپنے تجربے اور کلاس سے اطالوی کھلاڑی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ اس کے بعد مینز سنگلز میں اٹلی کے فلاویو کوبولی نے فیلکس آگر-الیاسیم کو سخت مقابلہ دیا۔ دونوں کھلاڑی اس سے قبل 2024 میں دو بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں اور ایک ایک میچ جیت چکے ہیں۔ کینیڈین کھلاڑی نے ٹائی بریک میں پہلا سیٹ 9-7 سے جیتا لیکن کوبولی نے دوسرا سیٹ 7-5 سے جیت کر میچ کو تیسرے سیٹ تک پہنچا دیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں ٹائی بریک بھی کھیلا گیا جس میں کوبولی نے 10-8 سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم کینیڈین جوڑی نے ڈبلز میں کوئی غلطی نہیں کی اور اسٹریٹ سیٹس میں جیت کے ساتھ کینیڈا کو پہلی بار ہاپ مین کپ کا چمپئن بنا دیا۔ یہ دونوں ممالک کا پہلا فائنل میچ تھا اور کینیڈا نے اسے یادگار بنا دیا۔