
انڈر 19- یوتھ ٹیسٹ: ریو اور ایکانش کی وجہ سے انگلینڈ نے میچ میں واپسی کی
چیمس فورڈ، 21 جولائی (ہ س)۔ اتوار کو بھارت کے خلاف دوسرے انڈر- 19 یوتھ ٹیسٹ کے پہلے دن خراب آغاز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان تھامس ریو اور ایکانش سنگھ کی نصف سنچری اننگز کی بدولت زبردست واپسی کی۔ بارش سے متاثرہ پہلے دن انگلینڈ نے سات وکٹوں پر 229 رن بنائے۔ ابر آلود اور بارش کے حالات میں، بھارت نے ٹاس جیت کرگیند بازی کا انتخاب کیااور یہ فیصلہ فوری طور پر درست ثابت ہوا۔ پہلے ہی اوور میں آدتیہ راوت نے بین ڈاکنز کو ایل بی ڈبلیو کیا اور اگلی ہی گیند پر ہینل پٹیل نے ایڈم تھامس کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ بغیر کوئی رن بنائے انگلینڈ کی دو وکٹیں گر گئیں۔ راوت اور پٹیل کی تیز گیند بازی کے سامنے انگلینڈ نے 46 رن پر چار وکٹ گنوا دیے۔ اس کے بعد بین مے نے کچھ جارحانہ شاٹس کھیل کر صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے راوت کے خلاف شاندار چوکا لگا کر اپنا ارادہ ظاہر کیا اور ریو کے ساتھ 34 رن کی شراکت داری کی لیکن وہ امبریش کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آوٹ ہو گئے۔ کپتان تھامس ریو نے صبر اور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی۔ شروع میں چند کیچز چھوٹنے کے بعد انہیں نئی زندگی ملی، لیکن بعد میں انہوں نے شاندار کٹ اور ڈرائیو شاٹس کھیلے۔ انہوں نے کینٹ کے آل راونڈر ایکانش سنگھ کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 90 رن کی اہم شراکت داری کی۔ ریو نے 59 رن بنائے جبکہ ایکانش 66 رن بنانے کے بعد ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کی جانب سے آدتیہ راوت اور آر ایس امبریش نے دو- دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیگ اسپنر نمن پشپک نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ پشپک نے ریو کو گوگلی پر سلپ پر کیچ آوٹ کروایا، لیکن اس سے پہلے انہوں نے ایک اوور میں 20 رن بھی دے دیے۔ ایکانش سنگھ نے 53 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں سوئپ شاٹ پر ایک چھکا بھی شامل تھا۔ آخر میں، رالفی ایلبرٹ (16) اور جیمز منٹو (18*) نے بھی مفید شراکت کی اور انگلینڈ کو مسابقتی اسکور تک پہنچا دیا۔ اسکور کارڈ: انگلینڈ انڈر۔ 19: 229/7 (ایکانش سنگھ 66* ناٹ آوٹ، تھامس ریو 59) انڈیا انڈر- 19: آدتیہ راوت 2 وکٹیں، آر ایس امبریش 2 وکٹیں، نمن پشپک 2 وکٹیں ۔