
پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنےوپل ایم پنچولی ، گورنر نےدلایا حلف
پٹنہ، 21 جولائی (وقت نیوز سروس)۔بہار کے گورنر عارف محمد خان نے پیرکے روز راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں جسٹس وپل ایم پنچولی کو پٹنہ ہائی کورٹ کے 45 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف دلایا۔ اس موقع پر بہار کے چیف سکریٹری امرت لال مینا نے چیف جسٹس کا تقرری نامہ اور صدر دروپدی مرمو کی طرف سے جاری کردہ تقرری نامہ پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد گورنر نے جسٹس پنچولی کو حلف دلایا۔ 57 سالہ جسٹس پنچولی 24 جولائی 2023 سے پٹنہ ہائی کورٹ میں جج کے طور پرخدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ احمد آباد میں پیدا ہوئے اور 1991 میں گجرات ہائی کورٹ میں بطور وکیل پریکٹس شروع کی۔ انہوں نے احمد آباد میں اپنے انسٹی ٹیوٹ سرایل اے شاہ لاء کالج میں وزیٹنگ فیکلٹی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ جسٹس پنچولی کو 2014 میں گجرات ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج اور 2016 میں مستقل جج کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ سال 2023 میں ان کا تبادلہ پٹنہ ہائی کورٹ میں کیا گیا تھا۔ غور طلب ہے کہ پٹنہ ہائی کورٹ اس سال 15 جنوری سے چیف جسٹس کے بغیر چل رہی تھی کیونکہ جسٹس پنچولی کے پیشرو جسٹس ونود کے چندرن کو سپریم کورٹ میں ترقی دی گئی تھی۔ جسٹس آشوتوش کمار اس عرصے میں قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے لیکن حال ہی میں انہیں گوہاٹی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ اس دوران پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سدھیر کمار سنگھ 22 جولائی کو پٹنہ ہائی کورٹ میں جج کے طور پر حلف لیں گے۔ عہدہ سنبھالنے پر وہ چیف جسٹس پنچولی اور جسٹس پی بی بجنتری کے بعد تیسرے سب سے سینئر جج بن جائیں گے۔