
بدنام زمانہ چندن مشرا قتل کے ملزم کو کولکاتا سے لےکرپٹنہ پہنچی بہار پولیس
پٹنہ، 21 جولائی (وقت نیوزسروس)۔ راجدھانی پٹنہ کے بیلی روڈ واقع پارس اسپتال میں گذشتہ 17جولائی کو بدنام زمانہ مجرم چندن مشرا قتل معاملے کے چار ملزمین کو بہار ایس ٹی ایف پیر کے روز کولکاتا سے لے کر پٹنہ پہنچ گئی ہے۔ بہار پولیس کے مطابق گرفتار شوٹروں میں توصیف عرف بادشاہ کے علاوہ تین دیگر ملزمین بھی شامل ہیں۔ اس قتل کے ماسٹر مائنڈ نشو خان عرف بھائی جان کو پولیس نے پٹنہ میں اس کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ کولکاتا سے توصیف عرف بادشاہ اور چار دیگر شوٹروں کو گرفتار کرنے کے بعد بہار پولیس کی ٹیم نے انہیں وہاں کی عدالت میں پیش کیا اور اس کے بعد وہ سب سڑک کے راستے پٹنہ کے لیے روانہ ہوگئے۔ آج بہار پولیس کی ٹیم تمام ملزمین کے ساتھ پٹنہ پہنچ گئی۔ فی الحال انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پولیس لائن میں رکھا گیا ہے۔ پولیس انہیں پوچھ گچھ کے بعد عدالت میں پیش کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ 17 جولائی کی صبح بہار کی راجدھانی پٹنہ کے ایک بڑے پرائیویٹ اسپتال میں کمرہ نمبر 209 میں داخل بدنام زمانہ چندن مشرا کو پانچ بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس قتل کے بعد کہرام مچ گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پانچ بدمعاشوں کو چندن مشرا پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پانچوں شوٹروں کی شناخت ہو گئی اور پولیس نے چار شوٹروں کو کولکاتا سے گرفتار کر لیا۔ جبکہ قتل کے ماسٹر مائنڈ نشو خان عرف بھائی جان کو پولیس نے پٹنہ سے گرفتار کیا ہے۔