
ووٹر لسٹ نظر ثانی کے مسئلہ پر اسمبلی میں بحث کرانے کا عظیم اتحاد نے کیا مطالبہ
پٹنہ، 21 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں کرائے جارہے خصوصی ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے کام کو لے کرمانسون اجلاس کے پہلے دناپوزیشن نے ایوان کے اندر اور باہرزور دار ہنگامہ کیا۔ ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد عظیم اتحاد لیجسلیچر پارٹی کی ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں آئندہ چار دنوں کے اندر ایوان میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ بڑھتی ہوئی جرائم اور ایس آئی آر کے خلاف منگل کو اپوزیشن ایم ایل اے کالے کپڑے پہن کر اسمبلی میں آئیں گے۔ پیر کے روز ہوئی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ کے بعد اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ اسمبلی کا مانسون اجلاس آج سے شروع ہو گیا ہے۔عظیم اتحادلیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ابھی ہوئی ہے۔ ہم نےا سپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ ووٹر لسٹ پر نظرثانی کا معاملہ اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے۔ تیجسوی نے کہا کہ ہم یہ جنگ لڑیں گے تاکہ جمہوریت زندہ رہے اور اس کا وجود مٹ نہ جائے۔ حکومت اور اسپیکر اسمبلی بحث کے لیے تیار نہ ہوئے تو آنے والے وقت میں ان کا جواب دینا ممکن نہیں ہوگا۔ ہم نے اس حوالے سے تمام لیڈروں کو خط لکھا ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں بھی زور سے اٹھا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم لوگ منگل کو بہار میں اس معاملے کو بہت زور سے اٹھانے والے ہیں۔ حکومت کو کسی بھی قیمت پر ایوان میں اس معاملے پر بحث کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روزعظیم اتحاد کے تمام ایم ایل اے کالے کپڑے پہن کر ایوان میں پہنچیں گے اور اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔