
بہار قانون ساز اسمبلی میں مانسون اجلاس کے پہلے دن اپوزیشن کا ہنگامہ
پٹنہ، 21 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ بہار قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے امکانات ہیں۔ آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن ایوان کو چلنے نہ دینے کی بات کر رہی ہے۔ اپوزیشن ارکان اسمبلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اسمبلی کے باہر مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن نے ان پلے کارڈ کے ذریعے بہار میں غنڈہ گردی کا الزام لگایا اور اسمبلی احاطے میں نعرے بازی کی۔ آر جے ڈی ایم ایل اے بھائی ویریندر نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی قتل کروا رہی ہے۔ اگر بی جے پی چاہے تو قتل کو روکا جا سکتا ہے۔ کابینہ میں داغی وزیر کو شامل کیا جارہا ہے۔ معاشرے کا کوئی بھی فرد خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام نے کہا کہ ووٹر ریویژن کے نام پر غریبوں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔ مجرموں کا اچھا وقت گزر رہا ہے۔ حکومت جواب دے ورنہ ایوان نہیں چلنے دیں گے۔ آر جے ڈی ایم ایل اے مکیش روشن نے کہا کہ ہم بہار میں امن و امان کی خراب صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے اختر الایمان نے کہا کہ ہم فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف عظیم اتحاد کے ساتھ ہیں۔ ووٹر پر نظرثانی عام لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ باہر کے لوگوں کے ووٹر کارڈ نہ بنائے جائیں۔ غیر ملکیوں کو باہر رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ معاشرے کے سچے شہریوں اور غریبوں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے بہار اسمبلی کے مانسون اجلاس کے پہلے دن وزیر اعلیٰ نتیش کمار اسمبلی پہنچے۔ نتیش کمار کے ساتھ وجے چودھری اور کچھ دوسرے لیڈر بھی نظر آئے۔