
وزیر اعلیٰ نتیش نے گنگا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کا جائزہ لیا، افسران کو ضروری ہدایات دیں
پٹنہ، 19 جولائی (وقت نیوز سروس)۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کے روز پٹنہ کے آس پاس گنگا ندی کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جے پی گنگا پتھ پر محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے ذریعہ تیار کئے جانے والے پارک کا بھی معائنہ کیا۔ جائزہ لینے کے دوران وزیر اعلیٰ نے پٹنہ شہر کے کنگن گھاٹ سے دانا پور کے ناصری گنج گھاٹ تک گنگا ندی کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کا معائنہ کیا۔ اس دوران جے پی گنگا پتھ واقع ایل سی ٹی گھاٹ سے گنگا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ این آئی ٹی گھاٹ پہنچے جہاں انہوں نے گنگا ندی کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح اور ساحلی علاقوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں حکام سے مکمل جانکاری لی۔ این آئی ٹی گھاٹ سے جے پی گنگا پتھ سے ہوتے ہوئے وزیر اعلیٰ داناپور میں دیگھا گھاٹ اور ناصری گنج گھاٹ پہنچے اور گنگا ندی کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کا بھی جائزہ لیا۔ عہدیداروں کو ہدایات دیتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ گنگاندی کے ساتھ والے علاقوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کو مدنظر رکھتے ہوئے پوری طرح چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ تاکہ لوگوں کو سیلاب کے پانی سے ہونے والی پریشانی سے بچایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گنگا ندی کے ساحلی علاقوں بالخصوص زیریں علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ضروری کارروائی کریں تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔ گنگا ندی کے پانی کی سطح میں ناصری گنج گھاٹ، گاندھی گھاٹ سمیت کئی مقامات پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ندی کا بہاؤ بھی بہت تیز ہے۔ ممکنہ حالات پر گہری نظر رکھیں اور پانی کی بڑھتی ہوئی سطح سے متاثرہ لوگوں کو ایس او پی کے مطابق ضروری مدد فراہم کریں۔