
آئندہ 24 گھنٹوں میں تیزی سےبدلے گا موسم کا مزاج، دس اضلاع میں اورنج الرٹ جاری
پٹنہ، 19 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کے درمیان محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے بعد یعنی اتوار سے موسم میں تیزی سے تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔ محکمہ نے پوری ریاست میں تیز ہواؤں، گرج چمک، تیز بارش اورآسمانی بجلی کا الرٹ جاری کیا ہے۔یہ وارننگ خاص طور پر شمالی اور مشرقی بہار کے 10 اضلاع (مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، کھگڑیا، بھاگلپور، مونگیر، جموئی اوربانکا) کے لیے ہے۔ ان اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یلو الرٹ باقی تمام اضلاع میں نافذ ہے، جہاں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اتوار اور پیر کے روز سیمانچل علاقہ خاص کر ارریہ اور کشن گنج میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روزمانسون کی سرگرمیاں کمزور رہیں گی تاہم اتوار سے مانسون دوبارہ فعال ہو جائے گا۔ شمالی بہار میں اگلے ہفتے اچھی بارش متوقع ہے جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ لوگوں کو کھلی جگہوں، درختوں کے نیچے یا بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ جنوبی بہار کے اضلاع جہان آباد، گیا، نالندہ اور دیگر اضلاع میں گزشتہ 4-5 دنوں سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے پھلگو، دردھا اور سون جیسی ندیوں میں طغیانی ہے۔ کئی گاؤں اور شہری علاہ میں پانی جمع ہے۔ جہان آباد میں پھلگو کا پشتہ ٹوٹنے سے 24 گاؤں متاثر ہوئے اور گیا میں سڑکیں اور پلیاں بہہ گئیں۔ سون ندی بھی خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہے۔ اگرچہ بارش کے تھمنے سے حالات معمول پر آرہے ہیں لیکن آئندہ ہفتے شمالی بہار میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔