
پٹنہ میں گنگا ندی خطرے کے نشان سے اوپر، نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال
پٹنہ، 19 جولائی (وقت نیوز سروس)۔بہار میں دو دن پہلے تک مسلسل بارش اور نیپال سے چھوڑے جانے والے پانی کی وجہ سے گنگا ندی نے خوفناک شکل اختیار کرلی ہے۔ راجدھانی پٹنہ میں گنگا کے کئی گھاٹوں پر پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے دیارہ اور نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ محکمہ آبی وسائل نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ڈیموں کی 24 گھنٹے نگرانی شروع کردی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں ہر لمحہ تعینات ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔ پٹنہ کے دیارہ علاقے میں گنگا کا پانی تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی وجہ سے کئی گاؤں میں کھیت اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دانا پور میں گنگا اور سون ندی کے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے کٹاؤ کا مسئلہ شروع ہوگیا ہے۔ منیر اور ہاتھیدہ میں ندی کے کنارے واقع گاؤں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے 245 کشتی والوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر کشتیوں اور غوطہ خوروں کی مدد سے امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جا سکے۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں گائےگھاٹ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں دیدار گنج میں تعینات ہیں۔ ممکنہ سیلاب زدہ علاقوں میں 119 بلند مقامات کی نشاندہی کرکے ریلیف کیمپ تیار کیے گئے ہیں۔ محکمہ آبی وسائل کی رپورٹ کے مطابق پٹنہ کے بڑے گھاٹوں پر گنگا کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے یا اس کے قریب ہے۔ گاندھی گھاٹ میں پانی کی سطح 48.76 میٹر (خطرے کا نشان 48.60 میٹر)، دیگھا گھاٹ میں 50.13 میٹر (خطرے کا نشان 50.45 میٹر)، منیر میں 51.73 میٹر (خطرے کا نشان 52 میٹر) اور ہاتھیدہ میں 51.47 میٹر (خطرے کا نشان 41.47 میٹر) درج کیا گیا۔ میٹر)۔ گزشتہ دو روز میں پانی کی سطح میں ڈھائی فٹ اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے دیارہ، دانا پور اور منیر میں پانی پھیلنے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتوارکے روز شمالی اور مشرقی بہار میں تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی وارننگ دی ہے۔ سیمانچل اور کوسی خطہ میں شدید بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے گنگا، کوسی اور گنڈک ندیوں کے پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔ اورنج الرٹ والے اضلاع (مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، کھگڑیا، بھاگلپور، مونگیر، جموئی، بانکا) میں خاص طور پر چوکس رہنے کی ہدایات ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندیوںکے کناروں پر نہ جائیں، گرج چمک کے دوران کھلی جگہوں سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔