
نالندہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد نے زہر کھایا، چار کی موت
پٹنہ، 19 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ بہار کے نالندہ ضلع کے پاواپوری تھانہ علاقے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد نے زہر کھا لیا۔ ان میں سے 4 کی موت ہوگئی جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے اس کی تصدیق کی۔ پولیس کے مطابق ان سبھی کو کل دیر رات بھگوان مہاویر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ویمس) پاواپوری میں داخل کرایا گیا تھا۔ 16 سالہ دیپا کماری، 14 سالہ اریکا کماری، 38 سالہ سونی کماری اور 15 سالہ شیوم کمار کی وہاں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ 40 سالہ دھرمیندر کمار کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ یہ خاندان پاواپوری جل مندر کے سامنے کرائے کے مکان میں چھ ماہ سے رہ رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دھرمیندر کمار نے یہاں کپڑوں کی دکان کھولی تھی لیکن مسلسل خسارے اور تقریباً 5 لاکھ روپے کے قرض کی وجہ سے خاندان ذہنی دباو کا شکار تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راجگیر کے ڈی ایس پی سنیل کمار، انسپکٹر منیش بھردواج اور پاواپوری او پی انچارج موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ دھرمیندر کمار کا چھوٹا بیٹا محفوظ ہے کیونکہ اس نے زہریلی چیز نہیں نگلی۔ وہ پولیس کی نگرانی میں ہے۔ پاواپوری اسپتال کے ڈاکٹر دیویانش کے مطابق- ”پانچوں کو زہریلی چیز کھانے کے بعد یہاں لایا گیا تھا، جن میں سے چار کی موت ہو چکی ہے۔ ایک کی حالت تشویشناک ہے اور اسے بہتر علاج فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔“