
ٹی آر ایف کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کا ہندوستان خیر مقدم کیا
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان نے امریکی محکمہ خارجہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ حکومت ہند ٹی آر ایف کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) اور خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) کے طور پر نامزد کرنے کے امریکی محکمہ خارجہ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم اس سلسلے میں سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کی قیادت کو تسلیم اور اس کو سراہتے ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کی پراکسی ٹی آر ایف 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں عام شہریوں پر وحشیانہ حملے سمیت دہشت گردی سے متعلق کئی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ اس نے دو بار اس کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے میں عالمی تعاون کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔ ٹی آر ایف کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینا ایک بروقت اور اہم قدم ہے۔ یہ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان اور امریکہ کے درمیان گہرے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر کاربند ہے اور دہشت گرد تنظیموں اور ان سے وابستہ افراد کو جوابدہ ٹھہرانے کو یقینی بنانے کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔