
ای ڈی نے چھتیس گڑھ کے بھیلائی میں سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور بیٹے چیتنیہ کے گھر پر چھاپہ مارا
رائے پور، 18 جولائی (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج صبح چھتیس گڑھ کے بھیلائی میں سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیش بگھیل اور ان کے بیٹے چیتنیہ بگھیل کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ای ڈی کے تقریباً 12 اہلکار صبح 6 بجے بگھیل کی رہائش گاہ پہنچے۔ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں سی آر پی ایف اہلکار بھی موجود ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی 2161 کروڑ روپے کے شراب گھوٹالہ کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ بھوپیش بگھیل نے انسٹاگرام پر لکھا، ”ای ڈی آگئی ۔ آج اسمبلی اجلاس کا آخری دن ہے۔ اڈانی کے لیے تمنار میں کاٹے جا رہے درختوں کا معاملہ آج اٹھایا جانا تھا۔ بھیلائی کی رہائش گاہ پر صاحب نے ای ڈی کوبھیج دیا ہے۔“ کانگریس نے اس چھاپے ماری کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے آفیشل گروپ میں معلومات شیئر کی ہے۔ ای ڈی کی ٹیم ابھی بھی بھلائی میں بگھیل کی رہائش گاہ پر موجود ہے۔ اس سے پہلے مارچ 2025 میں ای ڈی نے بھوپیش بگھیل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس وقت گھر سے نقدی ضبط کرنے کے بعد نوٹ گننے والی مشین بھی منگوائی گئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ میں شراب گھوٹالہ کی جانچ میں ای ڈی نے بڑا انکشاف کر چکی ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ریاست میں شراب کا ایک منظم سنڈیکیٹ کام کر رہا تھا۔ اس میں مبینہ طور پر انور ڈھیبر، انل ٹوٹیجا اور کئی دوسرے ملوث تھے۔ اس گھوٹالے سے تقریباً 2161 کروڑ روپے کی غیر قانونی کمائی ہوئی ہے۔ غور طلب ہے کہ سابق وزیر کواسی لکھما اس معاملے میں جیل میں ہیں۔ ای ڈی کے چھاپے کی اطلاع ملتے ہی کانگریس کارکنان بھیلائی-3 میں بھوپیش بگھیل کی رہائش گاہ پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ چرودا میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین کرشنا چندراکر کا کہنا ہے، ”سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل ہر جگہ جا کر کانگریس کا دبدبہ قائم کر رہے ہیں۔ اس سے بی جے پی کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ کانگریس اسمبلی اجلاس میں ریاست سے متعلق مسائل کو مسلسل اٹھا رہی ہے۔ اس سے خوفزدہ ہو کر بھوپیش بگھیل کو روکنے کے لیے یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔“