
بنگلہ دیش نے سری لنکا کو تیسرے ٹی 20 میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی
کولمبو، 17 جولائی (ہ س)۔ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بدھ کو بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔ سلامی بلے باز تنزید حسن تمیم کی کیرئیر کی بہترین ناٹ آوٹ 73 رنوں کی اننگز اس فتح میں فیصلہ کن رہی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 133 رن بنائے اور میچ 21 گیند باقی رہتے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کا آغاز خراب رہا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر پرویز حسین ایمن (0) نووان تشارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد تمیم اور کپتان لٹن داس نے مل کر 50 گیندوں پر 74 رنوں کی شراکت کرکے اننگز کو سنبھالا۔ لٹن 32 رن بنا کر کامندو مینڈس کی گیند پر کوسل پریرا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد تمیم اور توحید ہردے نے مل کر ناٹ آوٹ 59 رن کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ تمیم نے 47 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 73 رن بنائے۔ یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، اس سے قبل انہوں نے زمبابوے کے خلاف 67 رن بنائے تھے۔ ہردے 27 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے آف اسپنر مہدی حسن نے مہلک گیندبازی کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 11 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے ان کی بہترین کارکردگی ویسٹ انڈیز کے خلاف 4/13 تھی۔ سری لنکا نے تیز شروعات کرتے ہوئے پہلے اوور میں 14 رن بنائے لیکن شرف الاسلام نے کوسل مینڈس (6) کو اوور کی آخری گیند پر ڈیپ اسکوائر لیگ پر ہردے کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ اس کے بعد سری لنکا کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بگھر گئی۔ کوسل پریرا (0) کو مہدی حسن نے سلپ میں تمیم کے ہاتھوں کیچ کرایا، جب کہ دنیش چاندیمل (4) اور کپتان چارتھ اسلنکا (3) بھی سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ پتھم نسانکا نے 46 رنوں کی جد وجہد والی اننگز کھیلی اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، وہ بھی مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے کامندو مینڈس نے 15 گیندوں میں 21 رنز بنائے جبکہ داسن شناکا 25 گیندوں پر 35 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ سری لنکا نے آخری اوور میں مجموعی طور پر 22 رن بنائے جس میں سے 21 رن اکیلے شاناکا نے بنائے۔ اس جیت کے ساتھ بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔