
بہار کے سیوان میں وزیر اعظم مودی جمعہ کو جلسہ عام سے خطاب کریں گے، تمام تیاریاں مکمل
پٹنہ، 19 جون (ہ س)۔ بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ کئی پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت بہار کا دورہ کر رہی ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز 20 جون کو سیوان ضلع کے پچروکھی بلاک کے جسولی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ان کے پروگرام کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سیوان انتظامیہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق تیاریوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ عام لوگوں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسہ گاہ پر ایک خصوصی انٹری گیٹ بنایا جائے گا۔ ان داخلی دروازوں پر جدید میٹل ڈیٹیکٹر لگائے جائیں گے، جن کے ذریعے سے گزرنے کے بعد ہی لوگ پنڈال میں داخل ہو سکیں گے۔ یہی نہیں ہر گیٹ پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے اور لوگوں کی مکمل تلاشی لی جائے گی۔ اس کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔ کسی بھی قسم کی قابل اعتراض چیز کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی عارضی بیت الخلا کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ تیاریوں کے حوالے سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نے لوگوں سے پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ جمعرات کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی 'ترقی یافتہ بہار کے عزم کو اجاگر کریں گے اور اقربا پروری سے آزادی کا پیغام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم ترقی کے ہیرو ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعظم مودی کی بہار آمد کو لے کر اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کے بیٹے تیجسوی یادو نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیر اعظم "نفرت کی سیاست" کرنے بہار آ رہے ہیں۔ تیجسوی نے الزام لگایا کہ وہ بہار میں روزگار فراہم کرنے، مہنگائی کم کرنے، غربت ختم کرنے نہیں بلکہ نفرت کی سیاست کرنے آرہے ہیں۔