
روہتک کی زمین تیسری بار زلزلے کے جھٹکے سے لرز اٹھی
۔بھالوٹھ گاوں زلزلے کا مرکز بنا، لوگ خوف میں مبتلا روہتک، 17 جولائی (ہ س)۔ روہتک میں تیسری بار زلزلہ آیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ حالانکہ اب تک زلزلے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے، لیکن بار بار آنے والے زلزلے سے لوگوں کے اندر کسی بڑے نقصان کا خدشہ بنا ہواہے۔ بدھ کی رات تقریباً 12:46 پر ایک زوردار زلزلہ آیا، جس سے لوگ نیند سے بیدار ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تیسری بار ہے کہ زلزلہ آیا ہے اور اس کا مرکز قریب ہی ہے۔ کسی بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ گزشتہ دس دنوں میں یہ تیسرا زلزلہ ہے اور اس بار زلزلہ کا مرکز بھالوٹھ گاوں ہے۔ رات کو آنے والے زلزلے کی شدت 3.6 بتائی گئی، اس سے پہلے آنے والے زلزلوں کی شدت بھی اتنی ہی تھی۔ زلزلے کے مسلسل جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔