
خوفناک سڑک حادثے میں چار افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی
اجمیر، 17 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ ضلع کے مانگلیا واس تھانہ علاقے میں جمعرات کی صبح پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ نیشنل ہائی وے-58 پرلامانہ پلیا کے قریب صبح تقریباً 3:30 بجے پیش آیا۔ اے ایس آئی حکم سنگھ نے بتایا کہ پانچ نوجوان کسی کام سے اجمیر کی طرف کار میں جا رہے تھے کہ لامانہ کٹ کے قریب ان کی کار کو خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ ایک کو تشویشناک حالت میں جے ایل این اسپتال اجمیر میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ مانگلیا واس کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اے ایس آئی حکم سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے، لیکن ابتدائی معلومات میں سبھی نوجوان ڈیڈوانہ ضلع کے چوسلہ گاوں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے لاشیں مردہ خانے میں رکھوا کر لواحقین کو اطلاع کر دی ہے۔ دریں اثنا، حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔اس حادثہ سے علاقے میں سوگکی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں اسپتال اور مردہ خانے پہنچ رہے ہیں۔