
بہار کے گیاجی میںبہا پل، ریلوے ٹریک پر ملبہ گرنے سے کئی ٹرینیں متاثر
پٹنہ، 16 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ بہار میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہے۔ گیاجی سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے اور پل بہہ گیا ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک اور ریل آمدورفت متاثر ہوا ہے۔ گیاجی میں گیا-کوڈرما ریلوے روٹ کے باسکٹوا-یدوگرام ویلی ریل سیکشن میں ملبہ گرنے کی وجہ سے اپ اور ڈاون لائنوں پر ٹرینوں کو روکنا پڑا۔ ریلوے حکام کے مطابق منگل کی رات تقریباً 11 بجے پہاڑ سے بھاری ملبہ پھسل کر ریلوے ٹریک پر گرا، جسے ریلوے پروٹیکشن فورس اور ریلوے اہلکاروں نے فوری طور پر ہٹا دیا۔ اپ لائن پر آمدورفت سات گھنٹے تک متاثررہا، بدھ کی صبح چھ بجے ریل ٹریفک بحال کر دی گئی۔ ڈاؤن لائن پر ریل سروس صبح 2 بجے سے بحال کردی گئی۔ تیز بارش کے باعث شیرگھاٹی میں تباہی کا منظر دیکھا گیا۔ جہاں پالکیہ شیرپور اور فتح پور کو ملانے والی سڑک پر پل بہہ گیا۔ مورہڑ ندی میں اضافے کے باعث آس پاس کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ وہیں امام گنج بلاک کے پکاری گوریا گاؤں کے کھیتوں میں سیلاب کا پانی داخل ہونے سے دھان کی فصل تباہ ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے کسان کافی پریشان ہیں۔