
پٹنہ ہوائی اڈے پرکریش ہوجاتا طیارہ ،لینڈنگ کے بعد اچانک دوبارہ ٹیک آف کیا
پٹنہ،16جولائی (وقت نیوز سروس)۔پٹنہ ایئرپورٹ پر منگل کی رات ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ دہلی سے پٹنہ آنے والی انڈیگو کی فلائٹ6ای 2482 رن وے پر ٹچ ڈاؤن کے بعد اچانک دوبارہ ٹیک آف کر گئی۔ اس دوران تقریباً 173 مسافروں کی سانس پانچ منٹ تک اٹک گئی۔ بعد میں طیارہ تین چار چکر لگانے کے بعد بحفاظت لینڈ کر گیا تو مسافروں نے راحت کی سانس لی۔ ذرائع کے مطابق طیارہ منگل کی رات تقریباً 9 بجے پٹنہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے آیا۔ ہوائی جہاز کا پہیہ رن وے کو چھو چکا تھا، لیکن یہ طے شدہ ٹچ ڈاؤن پوائنٹ سے تھوڑا آگے چلا گیا۔ چونکہ پٹنہ ہوائی اڈے کا رن وے ملک کے چھوٹے رن وے میں سے ایک ہے، اس لیے پائلٹ کو خدشہ تھا کہ کہیں جہاز کو وہاں روکا نہ جاسکے۔ ایسے میں پائلٹ نے فوری طور پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کر دیا۔ طیارے کے ایک بار پھر اچانک ٹیک آف ہونے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی مسافروں کا خیال تھا کہ شاید رن وے پر کوئی اور طیارہ ہو گا یا کوئی ایمر جنسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس پر کیبن کرو نے مسافروں کو یقین دلایا کہ کوئی ایمرجنسی نہیں ہے۔ عملے کے رکن نے مائیک پر اعلان کیا کہ طیارہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر دوبارہ ٹیک آف کیا گیا ہے، چند منٹوں میں لینڈنگ ہو جائے گی، صبر کریں۔ تقریباً تین سے چار منٹ تک آسمان میں چکر لگانے کے بعد طیارہ دوسری کوشش میں کامیابی کے ساتھ پٹنہ ہوائی اڈے پر اترا۔ جیسے ہی جہاز کے پہیے دوبارہ رن وے کو چھوئے، سب کے چہروں پر راحت لوٹ آئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق یہ سارا عمل پائلٹ نے احتیاط کے طور پر کیا اور یہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کا حصہ ہے۔ جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔