
بہار کابینہ نے پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوکریوں سمیت 30 تجاویز کو منظوری دی
پٹنہ، 15 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منگل کے روز کابینہ کی میٹنگ میں آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے ہدف سمیت کل 30 تجاویز کو منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں پٹنہ کے پرانے سکریٹریٹ میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں 30 اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ اس کے تحت کابینہ نے آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کے ہدف کو منظوری دی ہے۔ بہار میں جاری خصوصی ووٹر نظرثانی میں مصروف بی ایل اوز اور نگرانوں کو حکومت 6000 روپے کا ایک مرتبہ اضافی اعزازیہ دینےکی تجویز کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔ حکومت بہار 2025 سے 2030 تک پانچ برسوں میں ایک کروڑ ملازمتیں اور روزگار فراہم کرے گی۔ نئی ملازمت اور روزگار پیدا کرنے کے لیے حکومت کو مشورہ دینے کے لیے ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کے لیے اس میں کل 12 ممبر بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 77895 بی ایل او اور 8245 بی ایل او سپروائزر کو خصوصی نظرثانی کے کام کے لیے 6000 روپے کا یک وقتی اعزازیہ دینے کے لیے 51 کروڑ 68 لاکھ 40 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ بہار کابینہ کی میٹنگ میں چار ڈاکٹروں کو برطرف کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے تحت لکھی سرائے میں تعینات ڈاکٹر کرتیکا سنگھ، ڈاکٹر کریتی کرن، بیگوسرائے میں تعینات ڈاکٹر چندنا کماری اور جموئی میں تعینات ڈاکٹر نمشا رانی کو سرکاری ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان تمام کو مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے سرکاری ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔ پٹنہ کی طرح کابینہ نے بھاگلپور اور مونگیر میں گنگا پر پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت بھاگلپور میں سلطان گنج- بھاگلپور- سبور کے درمیان 40.80 کلومیٹر طویل راستہ بنایا جائے گا۔ اس کے لیے 4,850 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ مونگیر ضلع میں بھی گنگا پتھ پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے۔ مونگیر-بریار پور-گھورگھاٹ-سلطان گنج کے درمیان 42 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی اور اس کے لیے 5,120 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔