بہار کے بھوجپور میں اسکارپیو اور کنٹینرکی ٹکر میں تین کی موت
پٹنہ،5جولائی(وقت نیوز سروس)۔ بہار کے بھوجپور ضلع کے بیہیا تھانہ علاقہ واقع لائن ہوٹل کے قریب اتوار کے روز صبح اسکارپیو نے کھڑے کنٹینر میں ٹکر مار دی ۔ جس سے اسکارپیو میں سوار تین لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی۔ سڑک حادثے میںمرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد اور رشتہ دار ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت پرکاش سنگھ، ان کی بیوی پلوی سنگھ اور رشتہ دار سورو سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ سورو سارن ضلع کے سون پور کے شیتل پور سمائل گاؤں کا رہنے والا ہے۔ زخمی کی شناخت سیٹو سنگھ عرف کمار گورو کے نام سے ہوئی ہے، جسے پٹنہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ حادثہ صبح 6:30 بجے کے قریب پیش آیا ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کنٹینر بکسر سے آرا جا رہا تھا۔ اسی لین میں اس کے پیچھے سفر کرنے والی ایک اسکارپیو اچانک کنٹرول کھو بیٹھی اور کنٹینر کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ اسکارپیو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور جوڑے سمیت تین افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق مرنے والے اور زخمی ہونے والے تمام افراد چھپرہ ضلع کے رہائشی تھے۔ ان کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے کر حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پوسٹ مارٹم صدر اسپتال میں کیا جائے گا۔