
وزیر اعلیٰ نے پٹنہ کےآر جھن جھن والا شنکراآئی اسپتال پٹنہ کارکھا سنگ بنیاد
پٹنہ، 14 جولائی (وقت نیوز سروس)۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کنکڑباغ میں آر جھن جھن والا شنکرا آئی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کئے جانے والے اس سپر اسپیشلٹی آئی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ بھومی پوجن پروگرام میں بھی شرکت کی۔ 48 سالہ آر جھن جھن والا شنکرا آئی اسپتال کے سفر پر مبنی ایک مختصر فلم کی وزیر اعلیٰ کے سامنے نمائش کی گئی۔ آر جھن جھن والا شنکرا آئی ہاسپٹل انتظامیہ کی طرف سے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو پٹنہ کے کنکڑباغ میں بننے والے سپر اسپیشلٹی آئی اسپتال کی عمارت کے ڈیزائن، مریضوں اور ڈاکٹروں کے لیے اسپتال کی عمارت میں فراہم کی جانے والی سہولیات، مریضوں کی جانچ کے لیے اسپتال میں نئی ٹیکنالوجی پر مبنی مشینیں، آپریشن تھیٹر وغیرہ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ یہ آنکھوں کا اسپتال دسمبر 2026 تک تیار ہو جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ریاست میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے شروع سے ہی کام کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی علاج کے لیے بہار سے باہر جانے پر مجبور نہ ہو۔ اس آئی اسپتال کی تعمیر سے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ پروگرام میں آر جھن جھن والا شنکرا آئی اسپتال کی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کو شال اور میمونٹو پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔