
بہار کے مظفر پور میں چلتی ای۔ رکشہ میںلگی آگ، ایک کی موت، ایک کی حالت نازک
بہار کے مظفر پور میں چلتی ای۔ رکشہ میںلگی آگ، ایک کی موت، ایک کی حالت نازک پٹنہ، 19 جون (وقت نیوز سروس) ۔بہار میں مظفر پور ضلع کےگائے گھاٹ تھانہ علاقے کے تحت بیرووا گاؤں (این ایچ 27) کے قریب ایک چلتے ہوئے ای-رکشہ میں اچانک آگ لگ گئی۔ جس سے گاڑی میں سوار پورا خاندان جھلس گیا۔ اس ہولناک حادثے میں ایک خاتون قمر الخاتون (عمر تقریباً 35 سال) کی آٹو کی سیٹ پر بیٹھتے ہوئے دردناک موت ہو گئی۔ اسی دوران آٹو میں سوار ایک اور شخص کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے اور اسے علاج کے لیے سری کرشنا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (ایس کے ایم سی ایچ ) مظفر پور میں داخل کرایا گیا ہے۔ مظفر پور کے دیہی سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار سنگھ پربھاکر نے بتایا کہ مدھوبنی ضلع کے کھجولی تھانہ علاقہ کے ڈمریاہی گاؤں کا رہنے والا آٹو ڈرائیور محمدساجد اپنے خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ ایک شادی تقریب میں شرکت کے لیے مظفر پور سے اپنے گاؤں لوٹ رہا تھا ۔ ان کی اہلیہ، دو بچے اور دو دیگر رشتہ دار بھی آٹو میں سفر کر رہے تھے۔ صبح جب وہ این ایچ ۔27 پر بیرووا گاؤں کے قریب پہنچے تو چلتے ہوئے آٹو میں اچانک آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ پہلے تو آہستہ آہستہ پھیلی لیکن مسافروں کو اس کا احساس نہیں ہوا۔ جب تک آگ نے پیچھے سے آٹو کو پوری طرح اپنی زد میں لے لیا تھا، لوگ باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن تب تک سبھی جل چکے تھے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے اور لوگوں کو بچانے کی پوری کوشش کی۔ پولیس کو اطلاع دی گئی اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی جس نے آگ پر قابو پالیا۔ آگ بجھانے والوں نے آٹو سے ایک لاش برآمد کیا، جس کی شناخت قمر الخاتون کے نام سے ہوئی ہے۔ دیگر تمام زخمیوں کو مظفر پور کے ایس کے ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ایک شخص کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ یا گاڑی میں آتش گیر مواد کی موجودگی کی وجہ سے لگی ہو گی۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ واقعہ کی اطلاع متاثرہ خاندان کے لواحقین کو ڈمریاہی گاؤں میں دی گئی ہے جہاں غم کا ماحول ہے۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گائے گھاٹ تھانہ انچارج نے بتایا کہ حادثے کی ایف آئی آر درج کی جارہی ہے اور آگ لگنے کی اصل وجہ کی تصدیق کے لیے گاڑی کا فارنسک معائنہ کیا جائے گا۔