
بہار میں ٹیچر اور ڈاکٹر گرفتار، ٹیوشن کے بہانے نابالغ طالبہ سے زیادتی کا الزام
بکسر،14جولائی(وقت نیوزسروس)۔بہار کے بکسر میں ایک انتہائی چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ایک ' ٹیچر اور اسقاط حمل کرنے والے ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے۔ ٹیچر پر ان کے ہی اسکول کی ایک طالبہ نے زیادتی کا الزام لگایا ہے۔ پولیس نے ملزم ٹیچر اور ڈاکٹر کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ پر لے لیا ہے۔ معلومات کے مطابق ملزم ٹیچر بچوں کو ٹیوشن پڑھاتا تھا۔ اس دوران اس نے متاثرہ نابالغ کی عصمت دری کی جس کی عمر صرف 14 سال ہے۔ وہ نویں جماعت کی طالبہ ہے۔ ٹیچر نے متاثرہ لڑکی کو منہ بند رکھنے کی دھمکی دی۔ جس کے بعد خوفزدہ لڑکی خاموش ہوگئی۔ دراصل یہ سارا معاملہ انڈسٹریل تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں کا ہے۔ جہاں ملزم استاد گاؤں میں ہی کوچنگ چلاتا تھا۔ جہاں نویں جماعت کی ایک طالبہ بھی پڑھنے جاتی تھی۔ مذکورہ ٹیوشن ٹیچر نے اسے محبت کے جال میں پھنسا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد نابالغ حاملہ ہوگئی۔ اس دوران ملزم ٹیچر اسے ایک ڈاکٹر کے پاس لے گیا اور اس کا اسقاط حمل کروا دیا۔اسقاط حمل کروانے کے بعد استاد متاثرہ طالبہ کو اس کے گھر لے گیا اور اسے وہیں چھوڑ دیا۔ طالبہ نے اس واقعہ کی مکمل تفصیلات اپنے گھر والوں کو دیں۔ اہل خانہ نے خاتون تھانہ میں تحریری شکایت درج کرائی۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے خاتون تھانہ کے ایس ایچ او کنشک تیواری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ٹیچر اور ڈاکٹر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔غور طلب ہے کہ ٹیچر کی جانب سے اپنے ہی نابالغ طا لبہ کے ساتھ اس طرح کی گھناؤنی حرکت کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پورے ضلع میں کھلبلی مچ گئی ہے۔