بہار کی راجدھانی پٹنہ میں بھی دوڑی میٹرو ٹرین ،وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دکھائی ہری جھنڈی
پٹنہ، 6 اکتوبر (وقت نیوز سروس)۔ بہار میں میٹرو ٹرین کے چلنے کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیرکے روز پٹنہ میٹرو کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس کے ساتھ ہی بہار کو پہلی میٹرو ٹرین کا تحفہ ملا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز پٹنہ میٹرو کا افتتاح کرنے کے بعد خود میٹرو ٹرین میں بیٹھ کر پہلے سفر کا تجربہ کیا۔ افتتاح کے موقع پر ریاستی حکومت کے کئی وزرا اور سنیئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے آج کوریڈور ون کے تحت پٹنہ جنکشن سمیت چھ زیر زمین میٹرو اسٹیشنوں اور 9.35 کلو میٹر لمبی سرنگ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ افتتاح کے بعد میٹرو پاٹلی پترا آئی ایس بی ٹی کے قریب ڈپو سے روانہ ہوئی اور پہلے نئے آئی ایس بی ٹی اسٹیشن پہنچی۔ یہ پٹنہ میٹرو کا پہلا اسٹیشن ہوگا۔ یہاں سے میٹرو زیرو مائل اسٹیشن سے بھوت ناتھ اسٹیشن تک چلے گی۔ فی الحال ان تینوں اسٹیشنوں کے درمیان آمدورفت جاری ہے۔پٹنہ میٹرو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک چلے گی۔ مسافروں کی سہولت کے لیے میٹروکے اسٹیشن پر ہر 20 منٹ پر دستیاب ہوگی۔ میٹرو روزانہ 40 سے 42 ٹرپس چلے گی۔ پٹنہ میٹرو 945 مسافروں کی کل گنجائش کے ساتھ تین کوچ والے ریک میں چلےگی گی۔ ہر کوچ میں تقریباً 305 مسافر بیٹھ سکتے ہیں۔ ایک کوچ میں 147 مسافر سفر کر سکتے ہیں جبکہ باقی کھڑے کھڑے سفر کر سکتے ہیں۔ ہر کوچ میں بارہ نشستیں خواتین اور معذور افراد کے لیے مختص ہیں۔میٹرو فی الحال نیو پاٹلی پترا بس ٹرمینل سے زیرو مائل کے راستے بھوت ناتھ اسٹیشن تک چلے گی۔ اس سال اسے کھیمنی چک اور ملاہی پکڑی تک بڑھایا جائے گا۔ مکمل طور پر کام کرنے کے بعد تین کوچ والی میٹرو فی سفر تقریباً 900 مسافروں کو لے جائے گی۔آئی ایس بی ٹی سے زیرو مائل تک کا کرایہ15 روپے ہے، جبکہ نئے آئی ایس بی ٹی سے بھوت ناتھ میٹرو اسٹیشن تک کا کرایہ30 روپے ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پٹنہ میٹرو کا کم از کم کرایہ فی الحال15روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ30 روپے ہوگا۔امیٹرو کوچ کومدھوبنی پینٹنگ سے خاص طور پر سجایا گیا ہے ، جو بہار کی ثقافتی ورثے کو ظاہر کرتا ہے۔ کوچوں کے دروازے، کھڑکیوں اور اندرونی حصوں میں بہار کے عالمی مشہور سیاحتی مقامات، جیسے گولگھر، مہاویرمندر، مہابودھی درخت، بدھا استوپ اور نالندہ کے کھنڈرات کی عکاسی کرنے والے دلکش اسٹیکر ہیں۔میٹرو ٹرین کے افتتاح کے ساتھ ہی پٹنہ میں جدید نقل و حمل کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے، جس سے شہر کے باشندوں کے لیے روزمرہ کا سفر آسان ہو گیا ہے۔