ایشیا کپ: اگر آپ پاکستان سے کھیل رہے ہیں تو ٹھیک سے کھیلیں : اظہر الدین
نئی دہلی ،21ستمبر (ہ س )۔ ایشیا کپ 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باوجود میچ کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتے ہفتے کھیلے گئے اس میچ پر بحث بھی اور تنازعہ بھی کھڑا ہوا مگر ان تمام تنازعات اور اعتراض کے باوجود آج پھر ایک بار دونوں ممالک آمنے سامنے ہیں ۔ میچ سے قبل میدان کے باہر کا ماحول کافی گرم ہے۔ کرکٹ کی حکمت عملی کے بجائے، اس وقت سب سے زیادہ زیر بحث موضوع مصافحہ کا تنازعہ ہے۔ آخری جھڑپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے شکایت کی کہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔ اب سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین اور سابق کرکٹر نکھل چوپڑا نے ایک ٹی وی چینل پر اس تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اظہر الدین نے تنازعہ کو بڑھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ ملانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، "میرے خیال میں مصافحہ کرنے میں کوئی حرج نہیں تھا۔ جب آپ میچ کھیل رہے ہوں تو ہر چیز کو پورے دل سے کھیلیں، چاہے وہ مصافحہ ہو یا کچھ اور۔ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ مسئلہ کیا تھا۔ اظہرالدین نے یہ بھی خبردار کیا کہ میچز کو احتجاج کے طور پر نہ کھیلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی احتجاج کے طور پر کھیل رہے ہوں تو بالکل بھی مت کھیلیں، احتجاج کے خلاف کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں، اگر آپ نے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، چاہے وہ آئی سی سی ایونٹ ہو یا ایشیا کپ، تو پوری شدت سے کھیلیں، ورنہ کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔