نتیش حکومت نے 12 اہلکاروں کو کیا معطل، فوڈ اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑی کارروائی
پٹنہ،14ستمبر(وقت نیوز سروس)۔ فوڈ اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کے تحت ناقص معیار کے اناج کی سپلائی کے معاملے میں سخت کارروائی کی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر اسٹیٹ فوڈ کارپوریشن کے 6 اسسٹنٹ منیجراور 6 کوالٹی کنٹرولر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی غذائی اجناس کی کوالٹی اور سپلائی میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے کی گئی ہے۔ اس سے قبل محکمہ نے 6 سپلائی انسپکٹر/بلاک سپلائی افسران کو معطل کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ 27 سپلائی انسپکٹر/بلاک سپلائی افسران اور 7 اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ سپلائی افسران سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ تحقیقات میں پتا چلا کہ کئی دکانوں میں غذائی اجناس کی قلت، کم معیار اور اسٹاک میں بے ضابطگیوں کی شکایات تھیں۔ فوڈ اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ ریاست بھر میں"زیرو آفس ڈے" مہم کے تحت پی ڈی ایس کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ اس مہم میں غذائی اجناس کی مقدار، معیار اور بروقت دستیابی کو چیک کیا جا رہا ہے۔ اب تک ریاست میں پی ڈی ایس کی 53,869 دکانوں میں سے 49,209 کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے۔ معائنہ کے دوران کئی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ پی ڈی ایس کی 10,735 دکانوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے ہیں،ایف آئی آر درج کی گئی ہیںاور 178 دکانوں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔ 1349 دکانوں میں کم وزن، 1230 دکانوں میں ناقص معیار اور 4428 دکانوں میں غذائی اجناس کی عدم فراہمی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ کے وزیر لیسی سنگھ نے کہا کہ حکومت کا مقصد مستحقین کو صحیح وقت پر صحیح وزن اور معیار کے اناج فراہم کرنا ہے۔ اس مہم کا مقصد پی ڈی ایس میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ مہا ابھیان شکایات کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے۔ لیسی سنگھ نے واضح کیا کہ جو بھی اس سسٹم میں بے ضابطگیوں کا ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ پی ڈی ایس کی خامیوں کو دور کرنے اور اس مہم کے ذریعے مستحقین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔