ہندوستانی خاتون باکسر نے ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ 2025 میں گولڈ جیتا
نئی دہلی،14ستمبر (ہ س )۔ ہندوستان کی جیسمین لمبوریا نے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کردیا۔ انہوں نے یہ تاریخی کارنامہ 57 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میچ میں پولینڈ کی تجربہ کار کھلاڑی جولیا سیریمیٹا کو شکست دے کر انجام دیا۔ بتا دیں کہ جولیا نے پیرس اولمپکس 2024 میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ تاہم، یہ چیمپئن شپ ہندوستانی مرد باکسروں کے لیے مایوس کن تھی۔ 12 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی مرد ٹیم بغیر کوئی تمغہ جیتے وطن لوٹے گی۔ قازقستان کے سنجیر تاشکنبے نے جادومنی سنگھ کو 4-0 سے شکست دے کر ہندوستان کی تمغے کی امیدیں ختم کر دیں۔ جیسمین لمبوریا کا تعارف 24 سالہ جیسمین لمبوریا 30 اگست 2001 کو بھیوانی، ہریانہ میں پیدا ہوئیں۔ ا نہوں نے اس سال آستانہ میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس کے علاوہ جیسمین نے 2022 کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز اور 2021 ایشین چیمپئن شپ میں کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ ان کی کامیابی ہندوستانی باکسنگ کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔