اچانک پورنیہ جی ایم سی ایچ پہنچے تیجسوی یادو
پورنیہ، 14 ستمبر (وقت نیوز سروس)۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو ہفتہ کی رات 10 سے 11 بجے کے درمیان اچانک پورے قافلے کے ساتھ پورنیہ صدر اسپتال اور جی ایم سی ایچ پہنچے۔ ان کے اچانک دورے سے اسپتال انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔ تیجسوی نے پرانے اسپتال کے تمام وارڈوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے بات کی۔ ایک مریض نے شکایت کی کہ پیر ٹوٹنے کے باوجوداسپتال میں ضروری سامان دستیاب نہیں ہے۔ مریض کا کہنا تھا کہ علاج اسی وقت ممکن ہوگا جب سامان آئے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے خواتین کے وارڈ میں مریضوں کی عیادت بھی کی۔ معائنے کے دوران تیجسوی بیت الخلا بھی پہنچے، جہاں انہوں نے گندگی اور ٹوٹی کھڑکیوں کو دیکھ کر ناراضگی ظاہر کی۔ جی ایم سی ایچ کے سپرنٹنڈنٹ سنجے کمار اس وقت ان کے ساتھ تھے۔ تیجسوی نے سوال اٹھایا کہ مریضوں کو پرانی عمارت اور برآمدہ میں کیوں رکھا گیا ہے۔ اس کے جواب میں سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ جی ایم سی ایچ کی نئی عمارت ابھی حوالے نہیں کی گئی اس لیے مریضوں کو عارضی طور پر پرانے اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ 15 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی پورنیہ آمد سے عین قبل تیجسوی یادو کے اس اچانک معائنہ نے سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔