پھلواری شریف سازش معاملہ پر این آئی اے کا ایکشن، پی ایف آئی کا بہار ریاستی صدر کشن گنج سے گرفتار
پٹنہ،14ستمبر(وقت نیوز سروس)۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے پی ایف آئی کے بہار ریاستی صدر محبوب عالم عرف محبوب عالم ندوی کو گرفتار کیا۔ وہ کٹیہار ضلع کے حسن گنج رہائشی ہے اور ہفتہ کے روز کشن گنج سے گرفتار ہوگیا۔ایجنسی نے بتایا کہ محبوب عالم 19 واں ملزم ہے جسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ جانچ میں سامنے آیا کہ پی ایف آئی کے رکن ہندوستان میں امن وامان کونقصان پہنچانے کیلئے کام کر رہے تھے۔ ان کی سرگرمیاں امن وامان کو درہم برہم کرنے اور عوام میں خوف پھیلانے پر مرکوز تھیں ۔ ایجنسی نے کہا کہ تنظیم کا مقصد 2047 تک ہندوستان میں "غزوہ ہند" قائم کرنا تھا، جس کا ذکرضبط کئے گئے ایک خفیہ دستاویز میں"انڈیا 2047 ٹوروڈ آف رول آف اسلام ان انڈیا" میں کہا گیا ہے۔ این آئی نے کہا کہ محبوب عالم نے پی ایف آئی کی بھرتی ، ٹریننگ ، میٹنگ اور فنڈ جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ پہلے بھی کئی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تھا۔ ایجنسی نے واضح کیا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرکے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال اس معاملے کی تحقیقات تعزیرات ہند اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یعنی یو اے پی اے کے تحت چل رہی ہے۔ یہ معاملہ 2022 میں پھلواری شریف مجرمانہ سازش سے متعلق ہے، جسے ابتدائی طور پر مقامی پولیس نے 26 لوگوں کے خلاف درج کیا تھا۔ بعد میں این آئی اے نےمعاملے کو اپنے ہاتھ میں لیا۔ ایجنسی کے مطابق یہ سازش سماج میں مذہبی دشمنی پھیلانے اور ملک دشمن سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے رچی گئی تھی۔