تیجسوی یادو کی سیکورٹی میں بڑی کوتاہی، دوڑکر آیا نوجوان اور پاؤں پر گر گیا
پٹنہ،14ستمبر(وقت نیوز سروس)۔بہار کے مظفر پور میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی سیکورٹی میں بڑی کوتاہی ہوئی ہے۔ دراصل بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو ہیلی کاپٹر سے ٹیک آف کرنے ہی والے تھے کہ اچانک ایک نوجوان سیکورٹی حصار توڑ کر رن وے پر پہنچ کر ان کے پاؤں پر گر گیا۔ دراصل آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ایک پروگرام میں شرکت کے لیے مظفر پور کے کانتی اسکول پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بھارت رتن بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور امبیڈکر پارک کا افتتاح کیا۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ ہیلی کاپٹر سے واپس آرہے تھے، تو وہ ہیلی کاپٹر کے پاس ہی کھڑے تھے۔ ایک نوجوان بھاگتا ہوا آیا اور تیجسوی یادو کے پاؤں پکڑ کر سلام کرنے لگا۔ تیجسوی یادو کے پہنچتے ہی سیکورٹی اہلکاروں نے مذکورہ نوجوان کو فوراً ہٹا دیا۔ اس کے بعد ہیلی کاپٹر اپنی منزل کے لیے روانہ ہوا۔ نوجوان کی شناخت شرف اسلام کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شرف اسلام تیجسوی یادو سے ملنا چاہتے تھے اور انہیں مبارکباد دینا چاہتے تھے۔ اس واقعے سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ جس پر لوگ مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تیجسوی یادو کے تئیں نوجوانوں کا لگاؤہے، جب کہ کچھ لوگ اسے سیکورٹی میں کوتاہی قرار دے رہے ہیں۔ واضح ہو کہ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سیکورٹی میں بھی کوتاہی دیکھنے میں آئی تھی۔