پی وی سندھو ہانگ کانگ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے باہر، پرنئے اور لکشیہ سین پیش قدمی
ہانگ کانگ، 10 ستمبر۔ ہانگ کانگ اوپن سپر 500 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو کا سفر بدھ کو ختم ہوگیا۔ سندھو کو غیر سیڈڈ ڈنمارک کی کھلاڑی لائن کرسٹوفرسن کے ساتھ تین گیمز کے سخت مقابلے میں 15-21، 21-16، 21-19 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں کرسٹوفرسن کے خلاف سندھو کی یہ پہلی شکست ہے۔ پہلے گیم میں سندھو نے مضبوط شروعات کی اور برتری حاصل کی اور 21-15 سے کامیابی حاصل کی لیکن دوسرے گیم میں 13-12 کی برتری کے باوجود وہ لگاتار پانچ پوائنٹس سے محروم ہو کر پیچھے ہو گئیں۔ فیصلہ کن کھیل دلچسپ رہا اور اسکور 19-19 تک پہنچا۔ یہاں ڈنمارک کی کھلاڑی نے دباو¿ کو سنبھالا اور لگاتار دو پوائنٹس جیت کر سندھو کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ دوسری جانب بھارتی مرد شٹلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایچ ایس پر نئےنے عالمی نمبر 14 چین کے لو گوانگ جو کو 21-17، 21-14 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سابق عالمی چمپئن شپ میڈلسٹ لکشیہ سین نے سخت مقابلے میں 22-20، 16-21، 21-15 سے کامیابی حاصل کی۔ کرن جارج نے سنگاپور کے ٹاپ سیڈ کھلاڑی جیسن تہہ کو 21-16، 21-11 سے شکست دے کر اگلا راو¿نڈ محفوظ کرلیا۔ ڈبلز میچوں میں ہندوستانی بہنوں روتاپرنا اور سویتاپرنا پانڈا کی جوڑی کو 17-21، 9-21 سے شکست ہوئی۔ مکسڈ ڈبلز میں دھرو کپل اور تنیشا کرسٹو بھی چائنیز تائپے کی جوڑی سے سیدھے گیمز میں ہار گئے۔ آیوش شیٹی اپنا پہلا راو¿نڈ میچ بعد میں کھیلیں گے، جبکہ ساتوک سائیراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ٹاپ سیڈ مردوں کی ڈبلز جوڑی نے منگل کو فاتحانہ آغاز کیا تھا۔