پٹنہ کے گاندھی میدان تھانہ علاقے میں بڑی ریکوری! گاڑی جانچ کے دوران 20 لاکھ نقدی برآمد، انسپکٹر معطل
پٹنہ،10ستمبر(وقت نیوز سروس)۔راجدھانی پٹنہ میں گاڑیوں کی جانچ کے دوران مدھوبنی ضلع کے رہنے والے ایک بائک سوار کشور راوت سے 20 لاکھ کی نقدی برآمد ہوئی۔ واقعہ پٹنہ کے گاندھی میدان تھانہ علاقے کے جے پی گولمبر کے قریب پیش آیا جہاں دیر شام گاڑیوں کی جانچ کے دوران ایک بائک سوار کی شک کی بنیاد پر تلاشی لی گئی ،جس کے بعد وہاں موجود انسپکٹر اظہار علی اور پولیس اہلکار حیران رہ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی طرف سے متعلقہ تھانہ انچارج کی کرائم میٹنگ چل رہی تھی، اس دوران سینئرافسر کو فون پر اطلاع دی گئی۔ گاندھی میدان تھانہ انچارج اکھلیش مشرا موقع پر پہنچے اور نوجوان کو تھانے لے آئے۔ حد تب ہو گئی جب کشور راوت کو ایک سادہ کاغذ پر لکھوایا گیا کہ ڈھائی لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی ہے اور اسے چھوڑ دیا گیا۔ جیسے ہی پٹنہ پولیس کے کپتان کارتکیہ شرما کو اس کی خبر ملی تو انہوں نے فوری طور پر گاندھی میدان تھانہ کے ملزم انسپکٹر اظہار علی کو معطل کر کے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔