
ویر اعلیٰ نے بختیار پور تاج پورزیر تعمیر پل معائنہ کیا، کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت
پٹنہ، 13 جولائی (وقت نیوز سروس)۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج گنگا ندی پر بختیار پور (کرجن) تاج پور (سمستی پور) پل کی جگہ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ اتھمل گولا بلاک کے کرجن (بختیار پور-مکامہ فور لین بائی پاس) سے کلیان پور ہوتے ہوئے گنگا ندی کے کنارے گئے اور بختیار پور-تاج پور پل کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے بختیار پور-تاج پور پل کے تعمیراتی کام کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال کے بارے میں افسران سے تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری سندیپ پڈوکلکٹی نے سائٹ پلان کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ بختیار پور-تاج پور گرین فیلڈ گنگا پل کا تعمیراتی کام تقریباً 60 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس پل کی لمبائی 5.5 کلومیٹر ہے۔ کرجن اور تاج پور کے آپس میں جڑنے سے این ایچ۔31 اور این ایچ 28کے درمیان سیدھا رابطہ ہوگا اور شمالی بہار اور جنوبی بہار کے درمیان ایک اور رابطہ قائم ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بختیار پور ۔تاج پور پل کے تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور اس کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ یہ پل شمالی اور جنوبی بہار کے رابطے کو آسان بنانے اور عام لوگوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔ اس پل کی تعمیر سے مہاتما گاندھی سیتواور راجندر سیتو پر ٹریفک کا بوجھ بھی کم ہو جائے گا اور لوگوں کو نقل و حرکت میں کافی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے اہم سیاحتی مقامات، مذہبی مقامات، تعلیمی اور بڑے طبی اداروں میں جانے میں وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے، اس کے لیے جو بھی ضرورت ہوگی ریاستی حکومت پوری کرے گی۔ یہ پل سمستی پور، مظفر پور اور بیگوسرائے سے جانے والی گاڑیوں کے لیے متبادل راستہ ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ کرجن (بختیار پور) تاج پور (سمستی پور) فور لین پل اور اپروچ روڈ پروجیکٹ کو بہار اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن روڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 2875.02 کروڑ روپے کی رقم سے تعمیر کر رہا ہے۔ یہ سڑک پٹنہ ضلع میں کرجن (بختیار پور) کے قریب قومی شاہراہ-31 سے شروع ہوتی ہے اور قومی شاہراہ-28 کو سمستی پور ضلع کے تاج پور سے جوڑتی ہے۔ اس سڑک کی کل لمبائی 51.26 کلومیٹر ہے، جس میں گنگاندی پر پل کی لمبائی 5.51 کلومیٹر اور اپروچ روڈ کی لمبائی 45.75 کلومیٹر ہے۔