
ویمنز ایشیا کپ: بھارتی ہاکی ٹیم کا اعلان، سلیمہ ٹیٹے کے ہاتھ میں ٹیم کی کمان
نئی دہلی، 21 اگست ۔ہاکی انڈیا نے جمعرات کو 5 سے 14 ستمبر تک ہانگزو (چین) میں منعقد ہونے والے خواتین ایشیا کپ 2025 کے لیے 20 رکنی ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔ یہ ٹورنامنٹ بہت اہم ہے کیونکہ اس کی فاتح کو ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا براہ راست ٹکٹ ملے گا۔ ہندوستان کو پول-بی میں جگہ ملی ہے، جہاں اس کا مقابلہ جاپان، تھائی لینڈ اور سنگاپور سے ہوگا۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 5 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد اس کا مقابلہ 6 ستمبر کو جاپان اور 8 ستمبر کو سنگاپور سے ہوگا۔ ٹیم کی کمان سلیمہ ٹیٹے کو سونپی گئی ہے۔ چیف کوچ ہریندر سنگھ نے کہا’ہم نے جس ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں تجربہ اور نوجوان کھلاڑیوں کا توازن موجود ہے۔ کھلاڑی جارحانہ اور نظم و ضبط کے ساتھ ہاکی کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ایشیا کپ نہ صرف ایک باوقار ٹائٹل ٹورنامنٹ ہے بلکہ ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔ ہر میچ ہمارے صبر، فٹنس اور حکمت عملی کا امتحان ہوگا اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم ہندوستان کو مضبوط بنائے گی۔ ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے- گول کیپر- بنساری سولنکی، بیچو دیوی کھریبام۔ ڈیفینڈر- نکی پردھان، ادیتا، منیشا چوہان، جیوتی، سمن دیوی تھودم اور ایشیکا چودھری۔ مڈ فیلڈرز- سلیمہ ٹیٹے (کپتان)، نیہا، لالریمسیامی، شرمیلا دیوی، سنیلیتا ٹوپو اور ویشنوی وٹھل پھالکے فارورڈز- نونیت کور، سنگیتا کماری، ممتاز خان، دیپیکا، بیوٹی ڈنگ ڈونگ اور روتاجا دداسو پسال۔