
اسرائیل غزہ شہر پر حملہ کرنے کے لیے تیار، غزہ کے اطراف ہزاروں اسرائیلی فوجی تعینات
تل ابیب (اسرائیل)، 21 اگست۔ اسرائیل غزہ شہر پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسرائیلی سیکورٹی فورسز (آئی ڈی ایف) کے فوجی مضافات میں پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے کل کہا کہ فوج غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ تقریباً دو سال کی جنگ کے بعد بھی شہر اور اس کے آس پاس کے علاقے حماس کا گڑھ بنے ہوئے ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے ایک سینئر اسرائیلی فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوجی شہر کے مضافات میں پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی غزہ میں ان لوگوں کے لیے خیمے لگائے جا رہے ہیں جو فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد بے گھر ہو جائیں گے۔ منصوبے میں، فوجی شہر کو گھیرے میں لینے، آبادی حماس سے آزاد کرنے اور حماس کے جنگجوؤں کو پکڑنے کے لیے جبری چیک پوائنٹس کے ذریعے جنوب کی طرف بڑھیں گے۔ غزہ شہر میں بھیجے گئے فوجیوں کی مدد کے لیے تقریباً 60 ہزار ریزرو فوجیوں کو تیار رکھا گیا ہے۔ اس وقت 20 ہزار فوجیوں کو آگے بڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ تیاری اس وقت شروع ہوئی جب وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کی منظوری کے باوجود کی جنگ بندی کی تجویزپر سردمہری کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل میں یرغمالیوں کے اہل خانہ پریشان ہیں۔ اہل خانہ کا خیال ہے کہ حماس حملے کے جواب میں انہیں مار ڈالے گی۔ دریں اثنا، سخت گیر دائیں بازو کے رہنماؤں نے دھمکی دی ہے کہ اگر نیتن یاہو نے جنگ بندی کی تجویز کو قبول کیا تو وہ حکومت چھوڑ دیں گے۔ دریں اثنا، آئی ڈی ایف نے ایکس پوسٹ میں فوجی تیاریوں کی تصدیق کی ہے۔ آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے غزہ کے 75 فیصد سے زائد حصے پر آپریشنل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ حماس کی کمانڈ پاور کو اس کے دہشت گردانہ ڈھانچے پر حملہ کرکے کمزور کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج اپنے آپریشن کو وسعت دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ این بی سی نیوز چینل کے مطابق اسرائیل نے غزہ شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ہزاروں ریزرو فوجی بھیجے ہیں۔ فوجیوں نے شہر کے مضافات میں رہنے والے تقریباً دس لاکھ لوگوں کو جنوب کی طرف ڈھکیلنا شروع کر دیا ہے۔ یہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے کچھ قریبی اتحادیوں بشمول فرانس، برطانیہ اور کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے 145 سے زائد ممالک میں شامل ہو سکتے ہیں۔