
بائک سوار بدمعاشوں نے سیتامڑھی میں تاجر کو ماری گولی
سیتامڑھی،13جولائی(وقت نیوز سروس)۔ بہار میں جرائم پر قابو پانے میں پولیس پوری طرح سے ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ ریاست میں گزشتہ سات دنوں میںریاست میں 17 سے زیادہ قتل کے وارداتیں ہو چکی ہیں۔ سیتامڑھی میں ہفتہ کی رات ایک تاجر کاگولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ دراصل بے خوف بدمعاشوں نے سیتامڑھی شہر کے سب سے زیادہ بھیڑ والے علاقے میں ایک تاجر کو گولی مار کرقتل کر دیا۔ واقعہ شہر کے مہسول چوک پر پیش آیا۔بدمعاشوں نے سیتامڑھی کے پرمہسول چوک پر تاجر پوتو خان کو گولی مار دی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دکان سے گھر واپس آرہے تھے۔ تین موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے ان پر فائرنگ کر دی ۔ انہیں زخمی حالت میں ایک پرائیویٹ نرسنگ ہوم لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ سیتامڑھی کے ایس پی امیت رنجن نے موقع پر پہنچ کر بدمعاشوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ واضح ہو کہ پٹنہ کے کنکڑباغ تھانہ علاقے کے ایف سیکٹر پارک میں ہفتہ کی شام 5 سے 6 راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ گولیوں کی آواز سن کر پارک میں موجود لوگ خوف و ہراس میں ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اسکوٹر پر آئے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واضح ہو کہ گذشتہ کچھ دنوں میں پٹنہ، نالندہ، پورنیہ، مظفر پور، ویشالی سمیت ریاست کے کئی اضلاع سے قتل کی خبریں آ رہی ہیں۔ تاجر گوپال کھیمکا، ریت تاجر، پرائیویٹ اسکول چلانے والے اور دکاندار کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔