
بہار کے حاجی پور میں اے کے 47 معاملے میں این آئی اے کا چھاپہ
پٹنہ، 21 اگست (وقت نیوز سروس)۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے صبح 4.30 بجے بہار کے ویشالی ضلع ہیڈکوارٹر حاجی پور میں بس اسٹینڈ آپریٹر راجو رائے کے گھر پر چھاپہ ماری کی ہے۔ این آئی اے کی ٹیم نے حاجی پور نگر تھانہ علاقہ کے ڈاک بنگلہ چوک واقع راجو رائے کے گھر پر علی الصبح چھاپہ ماری شروع کی۔ اس دوران مقامی پولیس بھی موجود تھی اور پورے علاقے میں خاموشی چھا گئی۔ ٹیم نے راجو رائے کے گھر کی مکمل تلاشی لی اور ان سے پوچھ گچھ کی۔ این آئی اے کی یہ کارروائی 2024 میں مظفر پور میں اے کے 47 کی برآمدگی سے متعلق معاملے کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ دسمبر 2024 میں بھی این آئی اے نے حاجی پور میں دو جگہوں، ایس ڈی او روڈ پر ایک وکیل کے گھر اور باگمالی میں ایک اور گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس وقت بھی چھاپہ اے کے 47 معاملہ سے متعلق تھا۔ تقریباً چار گھنٹے کی کارروائی کے بعد این آئی اے کی ٹیم پٹنہ واپس پہنچ گئی ہے۔