
احمد نگر میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق
ممبئی،18 اگست۔ مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں نیواسا پھاٹا پر قائم ایک فرنیچر کی دکان میں آگ بھڑکنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں، مگر آتش گیر سامان کی کثرت کے باعث شعلے تیزی سے پھیلتے رہے اور انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کی جانچ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے نیواسا کے میور فرنیچر نامی اسٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن اندر سوئے افراد کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں دکان کے مالک میور ارون رسانے (45)، ان کی شریک حیات پائل میور رسانے (38)، دو کمسن فرزند انش میور رسانے (10)، چیتنیا میور رسانے (7) اور ایک معمر خاتون شامل ہیں۔ فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد صبح کے وقت آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا۔ فی الحال پولیس مختلف پہلوؤں سے آگ لگنے کے اسباب کی تفتیش کر رہی ہے۔ ہندوستھان سماچار