
اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج
نئی دہلی، 18 اگست۔ بہار میں ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف آج پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے احتجاج کیا۔ احتجاج کی قیادت کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کی۔ اس دوران راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، دھرمیندر یادو، پریا سروج اور راشٹریہ جنتا دل کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ تمام رہنماؤں نے ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹرز لے کر احتجاج کیا، جن پر "ایس آئی آر واپس لو" اور "ووٹ چوری بند کرو" جیسے نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے اور بہار میں ایس آئی آر کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ ملکارجن کھڑگے نے ٹویٹر پر لکھا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری سے منہ موڑ کر سیاسی جماعتوں کے حقیقی سوالات سے نہیں بچ سکتا۔ ووٹ کا حق آئین ہند کی طرف سے دیا گیا سب سے اہم حق ہے۔ بھارت جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کرے گا۔