
بنگلہ دیش میں جاسوسی برانچ کے سابق سربراہ محمد ہارون رشید سمیت 18 اعلیٰ پولیس افسران معطل
ڈھاکہ، 18 اگست ۔ بنگلہ دیش میں 18 اعلیٰ پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ان تمام پر ڈیوٹی کے دوران غیر حاضر رہنے کا الزام ہے۔ وزارت داخلہ کے پبلک سیکورٹی ڈویژن نے کل اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا۔ ان میں ہائی پروفائل پولیس آفیسر محمد ہارون رشید بھی شامل ہیں۔ وہ ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کی جاسوسی شاخ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ ڈیلی اسٹار اخبار کی خبر کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ افسران 2024 اور 2025 میں مختلف تاریخوں پر محکمانہ اہلکاروں کی اجازت کے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے، یہ سرکاری ملازم (ڈسپلن اور اپیل) رولز 2018 کے تحت "مفرور" کے زمرے میں آتا ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس، ڈی آئی جی آفسز، آرمڈ پولیس بٹالین، پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور دیگر خصوصی یونٹس کے سینئر اہلکار شامل ہیں۔ اس فہرست میں ڈی ایم پی کے جوائنٹ کمشنر سنجیت کمار رے، چٹاگانگ کے ایڈیشنل ڈی آئی جی رفعت رحمان شمیم اور چٹاگانگ رینج کے ڈی آئی جی آفس سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور سابق ڈی ایم پی ڈپٹی کمشنر قاضی اشرف العظیم بھی شامل ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معطلی کی مدت کے دوران افسران صرف گزارہ الاو¿نس کے حقدار ہوں گے۔