
چراغ پاسوان کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا نوجوان بیگوسرائے سے گرفتار
سمستی پور،13جولائی(وقت نیوز سروس)۔ بہار کے سمستی پور سائبر کرائم تھانہ کی ٹیم نے بیگوسرائے کے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر مرکزی وزیر چراغ پاسوان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ ملزم کی شناخت روسڑا تھانہ علاقہ کے بھیراہی وارڈ 7 رہائشی محمد سلیم کے 21 سالہ محمد معراج کے طور پر ہوئی ہے۔ محمد معراج نے 11 جولائی کو سوشل سائٹس پر انسٹاگرام پر ایک پوسٹ پر تبصرہ کیا تھا اور چراغ پاسوان کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ چراغ پاسوان کو قتل کرنے کی دھمکی ان کے انسٹاگرام آئی ڈی سے دی گئی تھی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ چراغ کو 20 جولائی کو بم سے اڑا دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سائبر کرائم کے ڈی ایس پی درگیش دیپک نے بتایا کہ 11 جولائی کو مرکزی وزیر چراغ پاسوان کو سوشل میڈیا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس معاملے میں پٹنہ سائبر تھانے میں مقدمہ نمبر 1592/25 درج کیا گیا تھا۔ سمستی پور ایل جے پی (رام ولاس) کے ضلع صدر نے تحریری شکایت کی ہے۔ جس کے بعد ایف آئی آر درج کرکے معاملہ کی تفتیش شروع کردی گئی۔ سائبر کرائم کے ڈی ایس پی نے بتایا کہ تکنیکی تفتیش کے دوران مختلف سوشل سائٹس پر گشت کے دوران ساگر محفوظ نامی کی جانب سے تبصرہ کیا گیا۔ جس نوجوان نے یہ تبصرہ کیا وہ ذہنی مریض ہے۔ جس کے بعد سائبر پولیس نے ثاقب سے رابطہ کیا۔ مسری گھراری تھانہ علاقہ کے بربٹا وارڈ 8 کے رہنے والے شفیق سے پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کو دھمکی دینے والا نوجوان محمد معراج ہے جو روسڑا تھانہ علاقہ کے بھیرہ وارڈ نمبر 7 کا رہنے والا ہے۔ جن کی گرفتاری سائبر تھانہ کی ٹیم نے بیگوسرائے ضلع کے تیگھڑا سے کی ہے۔