
وزیر اعظم نے شیبو سورین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا
نئی دہلی، 4 اگست ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ زمینی سطح کے لیڈر تھے۔ ان کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیر اعظم نے پیر کوایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، "شیبو سورین ایک زمینی سطح کے رہنما تھے جنہوں نے عوام کے لیے اٹوٹ لگن کے ساتھ عوامی زندگی میں ترقی کی۔ وہ خاص طور پر قبائلی برادریوں، غریبوں اور پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے کے لیے وقف تھے۔ ان کا انتقال افسوسناک ہے۔ میری تعزیت ان کے خاندان اور مداحوں کے ساتھ ہے۔ اوم شانتی۔" واضح رہے کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا پیر کی صبح دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 81 برس تھی۔ وہ گردے سے متعلق بیماری کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل تھے۔