
ٹرمپ کا مقدمہ لڑنے والے وکیل ایمل بوو جج بنیں گے، سینیٹ کی منظوری
واشنگٹن، 30 جولائی۔ امریکی محکمہ انصاف کے اہلکار ایمل بوو کے لیے وفاقی اپیل کورٹ کا جج بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ سینیٹ نے منگل کو اس کی منظوری دے دی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 مئی کو اعلان کیا تھا کہ وہ ایمل بوو کو وفاقی اپیل کورٹ کے جج کے طور پر نامزد کریں گے۔ بوو ایک معروف وکیل ہیں۔ ایک پورن اسٹار کو رقم ادا کرخاموش رہنے کے مجرمانہ الزامات میں قصوروار قراردیئے جانے کے بعد انہوں نے مقدمے میں ٹرمپ کا دفاع کیا تھا۔ سی بی ایس نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، سینیٹ کی منظوری کے ساتھ ہی بوو کی یو ایس اپیلیٹ کورٹ میں تاحیات تقرری کی تصدیق ہو گئی۔ ایوان بالا نے فلاڈیلفیا میں قائم تھرڈ سرکٹ کے لیے امریکی عدالت برائے اپیل کے لیے بوو کی نامزدگی کو 50-49 ووٹوں سے منظور کر لیا۔ ریپبلکن سینیٹرز مائن کی سوزن کولنز اور الاسکا کی لیزا مرکوسکی نے تمام ڈیموکریٹس کے ساتھ بوو کی نامزدگی کے خلاف ووٹ دیا۔ آئیووا کے ریپبلکن سینیٹر اور سینیٹ کی عدلیہ کمیٹی کے چیئرمین چک گراسلی نے ووٹنگ سے قبل کہا کہ ”بوو کا قانونی پس منظر مضبوط ہے۔ انہوں نے ملک کی عزت کے ساتھ خدمت کی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک محنتی، قابل اور غیر جانبدار قانون دان ہوں گے۔“ بوو ٹرمپ کے اب تک کے سب سے متنازعہ عدالتی انتخاب کے طور پر ابھرے ہیں۔ کئی سابق ججوں، پراسیکیوٹرز اور محکمہ انصاف کے کچھ ملازمین نے سینیٹرز پر زور دیا تھا کہ وہ ان کی نامزدگی کو مسترد کر دیں۔ اس ماہ کے شروع میں، پینل نے ان کی نامزدگی کو آگے بڑھانے کے لیے ووٹ دیا۔ اس دوران پینل میں شامل تمام ڈیموکریٹس نے احتجاجاً اجلاس سے واک آو¿ٹ کیا۔ بوو کا شمار ان وکلا میں ہوتا ہے جنہوں نے فوجداری مقدمات میں صدر کی نمائندگی کی۔ ٹرمپ نے اپنے دور میں انہیں ڈپٹی اٹارنی جنرل کے طور پر محکمہ انصاف میں شامل کیا۔ بوو نے ابتدائی تقرری میں کچھ عرصہ قائم مقام ڈپٹی اٹارنی جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 مئی کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ انہوں نے فلاڈیلفیا میں قائم تیسری امریکی سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں ڈپٹی اٹارنی جنرل بوو کو تاحیات جج مقرر کیا ہے۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ”وہ انصاف کی ہتھیار سازی کو ختم کریں گے، قانون کی حکمرانی کو بحال کریں گے اور امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑے گا کریں گے۔ ایمل بوو آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے“۔